نئی دہلی 24/جون (ایس او نیوز/ایجنسی) راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد نے ملک کے حالیہ واقعات پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ نیا بھارت آپ اپنے پاس رکھیں اور ہمیں ہمارا پرانا بھارت لوٹائیں جہاں پیار اور بھائی چارگی تھی، انہوں نے کہا کہ جب مسلم اور دلت کو چوٹ پہنچتی تھی تو ہندووں کو بھی تکلیف ہوتی تھی اور جب ہندووں کی انکھوں میں کچھ پڑ جاتا تھا تب مسلمانوں اور دلتوں کی بھی انکھوں میں آنسو آجاتے تھے۔ آگے کہا کہ جھارکھنڈاب ماب لنچنگ اور تشدد کی فیکٹری بن گیا ہے، ہر ہفتہ یہاں دلت اور مسلمان مارے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئے بھارت میں لوگ ایک دوسرے کے دشمن بن گئے ہیں آپ کو جنگل میں جانوروں سے ڈر نہیں لگتا لیکن محلوں میں انسانوں سے ہی ڈر لگنے لگا ہے، ہمیں وہ بھارت دے دو جہاں ہندو ۔مسلم، سکھ اور عیسائی ایک دوسرے کے لئے جیتے ہیں۔
یاد رہے کہ جھارکھنڈ کے سرائے کیلا میں اتور کو ماب لنچنگ کے ذریعہ پھر ایک مسلم نوجوان کا قتل کر دیا گیا تھا جس سے علاقے میں ماحول بہت کشیدہ ہیں۔ یہ معاملہ آج راجیہ سبھا میں بھی اٹھایا گیا جہاں ایوان بالا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد نے موب لنچنگ کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’جھارکھنڈ لنچنگ اور تشدد کا کارخانہ بن گیا ہے۔ غلام نبی آزاد نے کہا کہ ۔ ’سب کا ساتھ سب کا وِکاس‘ کی لڑائی میں ہم وزیراعظم کے ساتھ ہیں، لیکن اسے دیکھنے کے لیے لوگ ہونے چاہئے، اور ہمیں وہ نظر نہیں آرہے ہیں‘‘۔